اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باوجود گزشتہ 5سالوں کے دوران بھارت سے9ارب روپے سے زائد مالیت کی اشیاء درآمد کی گئیں اس کے برعکس پاکستان سے صرف ڈیڑھ ارب کی برآمدات بھارت جا سکیں۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق بھارت سے مالی سال 2011-12ء سے لیکر 2013-14ء تک تین سالوں میں مجموعی طور پر 5ارب 35کروڑ 75لاکھ 71ہزار ڈالر کی برآمدات پاکستان درآمد کی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان سے گزشتہ 5سالوں کے دوران مجموعی طور پر بھارت کو صرف1ارب 75کروڑ 98لاکھ 33ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔ جن میں سب سے زیادہ سیمنٹ، کھجور، کاٹن فیبرک، سوڈا اور ہائیڈروجن سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔جبکہ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق مالی سال 2014-15ء اور 2015-16کے دوران 4ارب سے زائد کی برآمدات بھارت سے پاکستان کوبھجوائی گئی ہیں اور سرحدوں پر کشیدگی کے باوجود بھارت پاکستان کو درآمد کرنے والی مصنوعات پر کوئی پابندیاں نہیں لگاتا ہے جبکہ پاکستان سے بھارت برآمد کی جانے والی اشیاء پر قدغن لگائی جاتی ہے۔