لاہور( این این آئی)غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سے پنجاب اسمبلی کی تین میں سے دو نشستیں چھین لیں ۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 139شیخوپورہ سے مسلم لیگ (ن)کے چودھری افتخار بھنگو 36435 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے ابو بکر شرقپوری 34973 ووٹ لے کر
دوسرے نمبر پر رہے۔2018کے عام انتخابات میں یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جیتی تھی، اس وقت لیگی امیدوار جلیل احمد شرقپوری نے فتح حاصل کی تھی ، پنجاب میں نمبر گیم کی صورتحال کے دوران انہوں نے (ن)لیگ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی جس کے بعد ان کی جگہ پر ٹکٹ جلیل شرقپوری کے کزن ابو بکر شرقپوری کو دیا تھا۔ پی پی 209 خانیوال کے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی 71586 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار چودھری ضیا ء الرحمان 57864 ووٹ لے کر دوسری نمبر پر رہے ۔2018 کے عام انتخابات میں پی پی 209 خانیوال سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی نے 55214 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالرزاق خان 38937 ووٹ لے کر رنر اپ رہے تھے ۔حمزہ شہباز کے وزیراعلی پنجاب بننے کے دوران عدم اعتماد کی نمبر گیم کی صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار فیصل خان نیازی نے عہدے سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا تھا۔ غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 241 بہاولنگر میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ۔ تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان اعوان نے 57537 ووٹ لے کر فتح حاصل کی
جبکہ مسلم لیگ (ن)کے امیدوار امان اللہ ستار باجوہ نے 48650 ووٹ حاصل کیے۔2018 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کاشف محمود نے 48543 ووٹ لے کر یہ نشست جیتی تھی جبکہ تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان 44184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔جعلی ڈگری کی پاداش میں کاشف محمود کو نا اہل کر دیا گیا تھا۔