کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے صدر میں چینی دندان ساز کے کلینک پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کلینک میں فائرنگ سے چینی دندان ساز کا ملازم رونلڈ ہلاک ہوگیا جبکہ چینی ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ اور ان کی اہلیہ مارگریٹ زخمی ہوگئیں۔پولیس کے مطابق کلینک میں ملزم مریض بن کر آیا اور باری آنے پر ڈاکٹر پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی دہری شہریت ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک سے 9 ایم ایم پستول کے ساتھ خول ملے ہیں۔ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چائنیز شہری کی ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت دی کہ قاتل کو فوری طور گرفتار کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔دریں اثنا وزیراعلی سندھ نے بدھ کو صدر میں ڈینٹل کلینک حملے پراپنی شدید برہمی کا اظہار کیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک چینی ہلاک جبکہ چینی ڈاکٹر ایچ یورچرڈ اور ان کی اہلیہ زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات برادرانہ ہیں اور انہیں کسی سازش کے تحت سبوثاژ کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد صوبے کا امن بحال کیا ہے تاکہ لوگ پرامن طریقے سے اپنی زندگیا ں گزار سکیں اور صوبہ ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ قاتل کی گرفتاری جلدعمل میں لائی جائے۔