تل ابیب(این این آئی)امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی اپنی فوج کے زیر استعمال ایف 35 طیارے گراونڈ کر دیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق کیے گئے اسرائیلی اعلان کے مطابق طیارے عارضی طور پر گراونڈ کیے گئے ۔ یہ فیصلہ ان طیاروں کی ایجیکشن سیٹس میں
خرابی کی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ پائلٹوں کی زندگیاں خطرے میں نہ پڑ جائیں۔اعلان میں کہا گیا کہ اگلے چند روز کے لیے ایف 35 طیاروں کو انسپیکشن کے مرحلے سے گذارا جائے گا اور اس کے بعد اطیمنان کی صورت میں دوبارہ بروئے کار لائے جاسکیں گے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی ہنگامی ضرورت کے تحت کسی ایک ایف 35 طیاروں کو استعمال کیے جانے کے لیے ائیر چیف کی خصوصی اجازت ضروری ہو گی۔امریکا نے اپنی فورسز کے زیر استعمال ایف 35 طیاروں کو پہلے ہی گراونڈ کرنے کا فیصلہ کر دیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے بھی ان طیاروں کی ایجکشن سیٹ کے نیچے ایجیکشن کے لیے استعمال ہونے والے کیٹریجزکی خرابی کے سبب امریکی فیصلے کی پیروی میں یہ فیصلہ کیا ہے۔لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے ساختہ ان طیاروں کو اسرائیل میں جوائنٹ فائٹر طیارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ، جبکہ اسرائیلی فضائیہ میں یہ طیارہ عبرانی نام آدیر سے مشہور ہے۔