اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نقصانات کا جائزہ لیا گیا اور دیگر اہم منظوریاں دی گئیں۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق اجلاس کے اعلامیے کے مطابق
وزیراعظم نے بارشوں کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔وفاقی کابینہ نے طاہر رائے کو انسدادِ دہشت گردی کا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کردیا جبکہ محسن بٹ کو ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ڈی جی ایف آئی اے) مقرر کر دیا۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے درآمد شدہ کارڈک اسٹنٹس کی قیمت ایکسچینج ریٹ میں اضافے کے تناسب سے بڑھانے کی منظوری بھی دی۔وفاقی کابینہ نے کنفیوشیس انسٹی ٹیوٹ کراچی میں دہشت گرد حملے کے متاثرہ افراد کیلئے معاوضے کی منظوری دی۔اس کے علاوہ برآمدی شعبے کو یکم اگست سے 9 سینٹ فی یونٹ پر بجلی اور آر ایل این جی 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کے حوالے سے 40 کیسز کی منظوری بھی دی۔