اسلام آباد(این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس میں سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اسلام آباد میں عمران خان ک
ی رہائشگاہ بنی گالہ پہنچ گئے۔ عمران خان نے پنجاب میں بڑی فتح پر انہیں مبارکباد دی۔مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی چوہدری پرویز الٰہی کے ہمراہ تھے۔ اہم ملاقات میں پنجاب کی کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صوبے کے عوام نے جو اعتماد کیا اس پر بھرپور انداز میں پورا اتریں گے۔ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے تحریک انصاف کے رکن سبطین خان کے نام کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق دھیمے مزاج اور سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی سبطین خان کی وجہ انتخاب ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کیلئے نام کی تصدیق کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کا عہدہ سبطین خان کو دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ثانیہ نشتر کوبھی عوام کی بھلائی کے منصوبوں کیلئے ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔