واشنگٹن (این این آئی )میساچیوسیٹس: جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے کائنات کی سب سے پرانی کہکشاں دریافت کرلی۔میڈیارپورٹس کے مطابق GLASS-z13نامی ستاروں کا یہ مجموعہ بِگ بینگ کے 30کروڑ سال بعد وجود میں آیا۔
اس سے قبل قدیم ترین کہکشاں کے طور پر جانی جانے والی کہکشاں GN-Z11اس سے 10 کروڑ سال بعد وجود میں آئی تھی۔ اس کہکشاں کو ہبل ٹیلی اسکوپ نے دریافت کیا تھا۔میساچوسیٹس میں قائم ہارورڈ یونیورسٹی اور اسمتھسونین سینٹر آف آسٹروفزکس کے محققین نے GLASS-z11نامی ایک اور کہکشاں دریافت کی۔ ان دونوں کہکشاں کا وزن ایک ارب سورج کے برابر ہے۔یہ کہکشائیں ہماری ملکی وے کہکشاں سے نسبتاً چھوٹی ہیں۔ ملکی وے کہکشاں کا قطر ایک لاکھ نوری سال ہے جبکہ GLASS-z13کا قطر اندازا 1600نوری سال جبکہ GLASS-z11کا قطر 2300نوری سال ہے۔یونیورسٹی کے شعبہ فلکیات کے ایک گریجویٹ طالب علم روحان نائیڈو کا کہنا تھا کہ محققین نے دو انتہائی فاصلے پر موجود کہکشائیں دریافت کی ہیں۔ اگر ان کہکشائوں کا فاصلہ اتنا ہی ہے جتنا ماہرین سمجھ رہے ہیں تو کائنات اس موقع سے چند کروڑ سال ہی پرانی ہوگی۔