واشنگٹن (آن لائن) پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود نے وسط مدتی انتخابات کی پرائمری جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ غیر ملکی خبر رساں اد ارے کے مطابق ڈاکٹر آصف محمود نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹس کی
نشست پر کیلیفورنیا کی پرائمری جیتی ہے، انہوں نے ری پبلکن حریف اور موجودہ رکن کانگریس یونگ کم سے 11 فیصد زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔ڈاکٹر آصف کانگریس کے ڈسٹرکٹ 40 سے واحد ڈیموکریٹ امیدوار تھے اور ان کی حمایت کرنے والوں میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صف اول کے رہنما شامل تھے جبکہ یونگ کم ری پبلکن پارٹی کے پلیٹ فارم سے دوسری بار کانگریس کی امیدوار تھیں اور انہوں نے ڈاکٹر آصف کے مقابلے میں اپنی انتخابی مہم پر کئی لاکھ ڈالر ز زیادہ خرچ کیے تھے مگر پھر بھی وہ ناکام رہیں۔ڈاکٹر آصف محمود کا تعلق پنجاب کے علاقے کھاریاں سے ہے، انہوں نے جناح اسپتال کراچی سے ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کی اور ان کا الیکشن جیتنا پاکستانی امریکیوں کے لیے اعزاز ہے۔برطانیہ میں یوں تو ہر بار کئی برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ بنتے ہیں تاہم امریکا کی تاریخ میں اب یہ پہلی بار امکان پیدا ہوا ہے کہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات جیت کر کوئی پاکستانی امیدوار رکن کانگریس بن سکے گا۔