لاہور(این این آئی) وفاقی وزیر پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کی روس سے سستا تیل اور گیس خریدنے کی کوئی دستاویز موجود نہیں اس لئے عمران خان کا یہ دعویٰ سراسر جھوٹ اور عمران کو گمراہ کرنے کیلئے ہے، سابقہ حکومت نے گردشی قرضے 2400ارب تک پہنچا دئیے ہیں، جن فیڈرز کے لائن لاسز کم ہیں
وہاں پرلوڈ شیڈنگ صفر ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کا دور ختم ہوا تو اس وقت ملک میں وافر بجلی موجود تھی لیکن جب ہم دوبارہ آئے ہیں تو ملک میں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی۔ سابقہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے 7ہزار میگا واٹ کے پلانٹس بند پڑے ہوئے تھے۔ ہم نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے فوری عملی اقدامات کئے اور یکم مئی سے کم لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ صفر ہے، فور اور فائیو کیٹیگری پر بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے وقت پر تیل اور کوئلہ نہیں خریدا جس کی وجہ سے لو ڈ شیڈنگ ہوئی، اگر ہم اللہ کے کرم سے چار دن میں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اور بھی بہت سے کام ہو سکتے ہیں اس کیلئے صر ف نیت او رمحنت درکا رہے جس کا سابقہ حکومت میں فقدان تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے گردشی قرضے 2400ارب تک پہنچا دئیے، اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک سطح پر رک جائیں تو مسائل حل کر سکتے ہیں، چار ماہ میں کوئلے کی قیمتیں بھی بہت بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کی فراہمی میں بھی تعطل آیا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ خیبر پختوانخواہ میں چھوٹے ہائیڈرل منصوبوں کے لئے قانون تبدیل کریں، ہم بجلی کا مکس بڑھائیں گے جس سے پیداوار بڑھے گی، ہماری کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کم سے کم اضافہ کیا جائے اور انہیں ایک سطح پر مستحکم رکھا جائے۔ انہوں نے سابقہ حکومت کی جانب سے بجلی کی یونٹ پر دی جانے والی پانچ روپے کی سبسڈی کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف اپنے اتحادیوں سے مشاورت کر رہے ہیں دیکھیں کیا فیصلہ ہوتا ہے۔