تل ابیب(این این آئی)یوکرین جنگ کی وجہ سے یورپ روسی فوسل ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے پر تول رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل گیس کے اس خلا کو اپنے سمندری ذخائر سے پر کرنے کا خواہش مند ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام اور ماہرین نے بتایاکہ اسرائیل ممکنہ طور پر یونان یا ترکی کے راستے ایک یا زیادہ پائپ لائنیں تعمیر کر سکتا ہے۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ وہ مصر کی مہیا کی جانے والی گیس کی مقدار میں اضافہ کرے تاکہ وہاں سے مائع گیس بحری جہازوں کے ذریعے یورپ تک پہنچائی جائے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یائیر لاپیڈ نے یونان کے حالیہ دورے کے بعد کہا تھاکہ یوکرین کی جنگ یورپ اور مشرق وسطی کی توانائی کی منڈی کے ڈھانچے کو تبدیل کر دے گی۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم توانائی کی منڈی پر زور دیتے ہوئے اضافی اقتصادی تعاون کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔