رانچی(این این آئی)بھارت میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں تحفے میں دیا ہوا موبائل واپس نہ دینے پر لڑکے نے گرل فرینڈ کو قتل کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست جھارکنڈ کے ضلع پکر میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والی لڑکی اپنے
بوائے فرینڈ کے ساتھ فٹ بال میچ دیکھنے گئی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق گھر واپس نہ آنے پر والدین کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی جس کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے لڑکی کی تلاش شروع کی۔تاہم پولیس کو لڑکی کی لاش شہر کے باہر سے برآمد ہوئی۔اطلاعات کے مطابق ملزم نے لڑکی کو ایک اسمارٹ فون تحفے میں دیا تھا لیکن اس نے اسے واپس کرنے کو کہا کہ کیونکہ اس کے والدین نے اس کی شادی کسی اور سے طے کر دی تھی۔تاہم لڑکی کی جانب سے موبائل فون واپس نہ کرنے کا جواب دیا گیا جس کے بعد دونوں کے درمیان لڑائی ہوئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کے چچا نے پولیس کو بتایا کہ جوڑا گزشتہ دو سال سے ساتھ تھا جبکہ ملزم اکثر لڑکی کے گھر بھی آیا کرتا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس نے اپنی گرل فرینڈ کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے، ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے گرل فرینڈ کو اسمارٹ فون واپس نہ کرنے پر قتل کردیا۔