اسلام آباد ( آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد پر رولنگ کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کے بارے میں میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا چینل پر اجلاس کی صدارت نہ کرنے کے
حوالے سے چلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کی وجہ سے اجلاس کی صدارت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔عدم اعتماد پر دی جانے والی رولنگ پر مشاورت ہوئی جس سے اسپیکر قومی اسمبلی متفق تھے اور تفصیلی رولنگ پر اسپیکر قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ ترجمان نے کہا رولنگ کے حوالے سے کیس عدالت عظمی میں زیر سماعت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اس سلسلے میں اپنے وکلاء کے ذریعے اپنا موقف عدالت میں پیش کریں گے۔ اس معاملہ پر اسپیکر سے منسوب کر کے من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چلانے سے گریزکیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی جیو نیوز نے خبر دی تھی کہ اسد قیصر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر آرٹیکل 5 کے تحت رولنگ کے حق میں نہیں تھے اور انہوں نے نے آرٹیکل 5 سے متعلق رولنگ پرپارٹی قیادت سےتحفظات کا اظہار کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی لیگل ٹیم نے اسپیکرکو قائل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہوں نے وزیراعظم کی قانونی ٹیم کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا تھا۔قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ آرٹیکل 5 کے تحت رولنگ فیصلے سے عدم اتفاق کے باعث اسد قیصر اسمبلی نہیں گئے۔