اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی لال چند ملہی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو دھمکی آمیز خط 7مارچ کو موصول ہوا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے دعوی کیا کہ وزیراعظم کو ملنے والے دھمکی آمیز خط میں تحریک عدم اعتماد کا بھی ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کا ملک کی عسکری قیادت اور وزارت خارجہ کو علم ہے۔ رکن قومی اسمبلی لال چند مالہی نے کہا کہ مختلف ممالک سے نازک قسم کے معاملات ہیں اس لیے نام نہیں لے سکتے ہیں۔دوسری جانب اس معاملے پر پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط ملا تھا تو اس وقت قومی سلامتی کمیٹی میں لانا چاہیے تھا، خطرات سے نمٹنے کے بہت سے راستے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جلسے میں تقریر کے دوران ایک خط لہرایا اور پھر اسے جیب میں ڈال دیا، اگر اتنی دھمکی تھی تو اسے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کمیٹی میں کیوں نہیں لائے؟شیری رحمان نے کہا کہ خطرات سے نمٹنے کے بہت سے راستے ہیں، جلسہ میں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔