لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)کے منحرف ارکان نے پرویزالٰہی کی بطور وزارت اعلی پنجاب نامزدگی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے منحرف رکن اشرف انصاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے پرویز الٰہی کو وزیراعلی پنجاب نامزد کیے جانے پر وہ ان کا مکمل ساتھ دیں گے۔اشرف انصاری نے کہا کہ پرویزالٰہی کو بطور وزیراعلی پنجاب ووٹ دیں گے،
ہمارے گروپ کے ارکان کی تعداد 7 ہے جبکہ مزید 15 لیگی ارکان پرویز الٰہی کو ووٹ دیں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ پیر کوپاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات کی جس میں تمام معاملات طے ہوگئے۔بیان کے مطابق (ق)لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراورحمایت کا اعلان کیا ہے۔بیان کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا۔ بعد ازاں معاون خصوصی شہباز گل نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز گل نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ (ق)لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا۔ دریں اثناء وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعظم عمران خان کے ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ (ق)لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراورحمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا اور وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا تھاکہ معاملات طے پاگئے ہیں۔ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ترجمان (ق)لیگ کے مطابق طارق بشیرچیمہ نے استعفیٰ قومی اسمبلی کی سیٹ سے نہیں دیا ہے۔ترجمان کاکے مطابق سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت نے طارق بشیر چیمہ کو مستعفی ہونے کی اجازت دی ہے۔