اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد سے سینیٹ کی نشستوں پرانتخاب کے لیے قومی اسمبلی ہال میں ووٹ ڈالنے کا عمل صبح 9 بجے ہی شروع ہو گیا۔بدھ کو قومی اسمبلی ہال میں اسلام آباد سے سینیٹ کے الیکشن کے لیے پہلا ووٹ پاکستان تحریک انصاف کے میاں شفیق آرائیں اور دوسرا
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا۔ قومی اسمبلی ہال میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تقریباً سوادس بجے اپنا ووٹ ڈالا۔بعدازاں انہوں نے اسمبلی ہال میں چوہدری فواد حسین اور مرتضی جاوید عباسی کے ساتھ گپ شپ کی۔اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ اور پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہائوس میں آمناسامنا ہونے پر مصافحہ اور ہلکے پھلکے انداز میں تبادلہ خیال کیا۔عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی انتخابی عمل کے دوران ایوان میں موجود رہے،دونوں نے آمنا سامناہونے پر ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔وزیر اعظم عمران خان بھی پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے ہیں۔وزیر اعظم بدھ کو سواگیارہ بجے پارلیمنٹ ہائوس پہنچے۔وہ سینٹ انتخابات کے لئے اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اسلام آباد میں پولنگ کا جائزہ لینے کے لئے قومی اسمبلی ہال کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی ان کے ہمراہ تھے چیف الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ آفسر اور الیکشن کمیشن کے عملے سے ووٹنگ کے عمل کے بارے میں دریافت کیا اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔