لاہور (آن لائن) سعودی عرب نے 150 گھنٹے کی ایک دستاویزی فلم تیار کر لی ہے جس میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی کاوششوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔عرب ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سعودی میڈیا و ٹیلی کمیونیکیشن کے
ڈائریکٹر سلطان المسعودی نے بتایا کہ ان کے ذہن میں دستاویزی فلم کی تیاری کا خیال اس وقت آیا جب ہم سب کرونا وائرس کی وبا سے گزر رہے تھے اور ان دنوں میں خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے پیش کی جانے والی خدمات ہمارے سامنے تھیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کے تحفظ کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں اور ان کی ابلاغی ٹیم نے مہارت کے ساتھ کرونا وائرس کے دنوں میں مسجد حرام اور اس کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ہے۔واضح رہے کہ اس دستاویزی فلم کی تیاری کے دوران مسجد حرام کے اندرونی اور بیرونی مقامات پر 10 روز تک روزانہ 15 گھنٹے تک ویڈیوز بنائی جاتی رہیں۔

























