حیدرآباد(آن لائن) وفاقی وزیر توانائی و پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر مزید گرڈ اسٹیشن لگانے کیلئے تخمینہ تیار کرکے پیش کیا جائے تاکہ ضروری فنڈز جاری کئے جاسکیں۔ حیسکو بورڈ میں صدر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو بطور نمائندہ شامل کیا جائیگا، ہر سب ڈویژن میں دو کرینیں فراہم کی جائیں
گی، ٹیکنیکل اسٹاف کی بھرتیاں جلد کی جائیں گی تاکہ فنی نوعیت کے کاموں میں تاخیر نہ ہو، جن علاقوں میں 100 فیصد وصولی ہے وہاں کم اَز کم لوڈشیڈنگ کی جائیگی، انڈسٹری کے بجلی کا ٹیرف یکساں کردیا جائیگا اور بجلی کے ٹیرف میں کمی کا اعلان وزیر اعظم عمران خان 4/3 روز میں خود کریں گے، ٹرانسفارمروں کی مرمت کیلئے 4 ورکشاپ بنائے جائیں گے جن میں 50,25 اور 200 کلو واٹ کے ٹرانسفارمر موجود ہوں گے اور خراب ہونے پر فوری متبادل ٹرانسفارمر فراہم کئے جائیں گے۔ چیمبر کے عہدیداران سے حیسکو چیف ہر پندرہ روز میں میٹنگ کریں گے تاکہ حل طلب مسائل کا ازالہ کیا جاسکے، مقامی حکام کی جانب سے عدم توجہی کی صورت میں اُن کو براہِ راست بزنس کمیونٹی ای میل کے ذریعے آگاہ کرے۔ گیس کی سردیوں میں کمی کے پیش نظر ذہنی طور پر گیس کی لوڈشیڈنگ کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ وہ سرکٹ ہاؤس میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد کی جانب سے اُٹھائے جانے والے بزنس کمیونٹی کو درپیش نکات کا جواب دے رہے تھے۔ وفد نے سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن کی سربراہی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔ وفد میں سرپرست اعلیٰ محمد امین کھتری، نائب صدر احمد ادریس چوہان، سابق صدر محمد اکرم انصاری، سکندر علی راجپوت، کنونیئر حیسکو سب کمیٹی محمد اکرم آرائیں اور عابد میاں موجود تھے۔