سکھر(این این آئی)سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی(سیپکو)کا اعلی عہدیدار بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا،چھاپہ مار ٹیم نے افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور محکمانہ کارروائی کی درخواست دیدی۔گھوٹکی کے گائوں مسو واھن میں میٹرز اینڈ ٹرانسفارمرز ٹیم نے
گشت کے دوران سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے ڈائریکٹر فنانس امداد میرانی کے گھر اور اوطاق کا بجلی کنکشن چیک کیا تو وہ غیرقانونی نکلا۔ چھاپہ مار ٹیم کے مطابق وہاں کئی سالوں سے بجلی چوری ہو رہی تھی۔ٹیم کے سربراہ عقیل جونیجو کے مطابق غیرقانونی کنکشن پر دس سے زائد اے سی اور دیگر آلات چلائے جارہے تھے اور یہ سلسلہ کئی برس سے جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 32 منتخب نمائندوں کے خلاف کارروائی کر چکے ہیں جو بجلی چوری میں ملوث تھے۔ امداد میرانی نے الزامات مسترد کردیے ہیں۔چھاپہ مار ٹیم نے سیپکو چیف کو امداد میرانی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور سخت قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔