لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کشمیر فروش عمران نیازی نے اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر مگر مچھ کے آنسو بہائے اورشیخ چلی نے تقریر سے کشمیر آزاد کروادیا،ان تقریروں سے کشمیریوں کے زخم
نہیں بھر سکتے ،کشمیریوں کا وکیل بننے کا دعویدار کلبھوشن کا وکیل بن گیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں ہی کلبھوشن یادیو گرفتار ہوا،کشمیر کمیٹی کے چیئر مین علی امین گنڈاپور نے تو کلبھوشن کی پاکستان میں موجودگی سے ہی لاعلمی کا اظہار کردیا ہے ،چوہان صاحب تقریریں کرنے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی دعوت پر واجپائی لاہور آئے اور اعلان لاہور کے معاہدے پر دستخط کئے ،واجپائی نے نوازشریف کے مطالبے پر ہی مسئلہ کشمیر کو فوری بات چیت سے حل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ،چوہان صاحب یہ تھی نوازشریف کی سفارتی کامیابیاں،ڈکٹیٹر مشرف نے مسئلہ کشمیر کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہی کارگل آپریشن کا ڈرامہ رچایا،چوہان صاحب اس وقت آپ کے لیڈر عمران نیازی مشرف کی گود میں بیٹھے تھے ،مودی خود چل کر نوازشریف کو ملنے آتا اور آپ کا وزیراعظم مودی کو مس کال مارتا ہے اور وہ فون نہیں اٹھاتا اور یہ ہے آپ کے وزیراعظم کی ناکام سفارتکاری کا نتیجہ ۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی تقریروں کے چکر میں کشمیریوں کا بیوقوف بنانے کا سلسلہ بند کریںہمیں تو عمران نیازی کے ہوتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت کے حوالے سے بھی تحفظات ہیں،اس نالائق شخص نے پوری ریاست کی خود مختاری ہی دا ئوپر لگادی ہے۔