اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکی شہر نیویارک میں وہیل چیئر پر بیٹھے ایک شخص نے بینک لوٹ لیا۔ پولیس نے بظاہر اپاہج نظر آنے والے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں وہیل چیئر پر بیٹھے ایک شخص جو بظاہر اپاہج نظر آتا تھا نے بینک لوٹا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈکیتی کی اس انوکھی واردات پر نیویارک کی پولیس چکرا کر رہ گئی اور بظاہر اپاہج نظر آنے والے شخص کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق وہیل چیئر پر بیٹھا ہوا یہ مسلح شخص نیویارک کے علاقے کوئنز میں بینک کی ایک برانچ میں داخل ہوا اور ایک تحریری پیغام کے ذریعے ایک کائونٹر پر کیشیئر کو آگاہ کیا کہ وہ مسلح ہے اس لئے تمام کیش اس کے حوالے کر دیا جائے۔ کیشیئر نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے خاموشی سے وہ سارا کیش ملزم کے حوالے کر دیا۔ ملزم نے کیشیئر سے نقدی لے کر جیب میں ڈالی اور اپنی وہیل چیئر کو دھکا لگاتا ہوا عمارت سے باہر نکل گیا جبکہ کسی نے دوڑ کر اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ پولیس کے مطابق ملزم کی عمر بظاہر تیس برس کے لگ بھگ تھی۔ اس واردات کی پولیس کو فوری اطلاع کر دی گئی تھی لیکن جب تک پولیس ہیلی کاپٹر کوئنز کے اس علاقے کی فضا میں پہنچے، تب تک یہ معذور ڈاکو غائب ہو چکا تھا۔