لاہور( این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ یورو 5 پٹرول کا پہلا جہاز پاکستان پہنچ چکا ہے، یورو 5 آئندہ 10 سے 15 دن میں پی ایس اوپٹرول پمپس پر دستیاب ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو یکم ستمبر سے پٹرول کی دستیابی سے متعلق آگاہ کردیاگیاہے، وزیراعظم کا فیصلہ ہے70 فیصددرآمدی پٹرول صرف یورو5 ہی ہوگا۔ملک امین اسلم نے کہا کہ یکم ستمبر کے بعد کسی اور کوالٹی کے پٹرول کی
درآمد کی اجازت نہیں ہو گی، کوالٹی میں 10گنا بہتر ہونے کے باوجود پٹرول کی قیمت پرفرق نہیں پڑے گا، وزیراعظم اور کابینہ نے رکاوٹوں کے باوجود تاریخی فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مخصوص لابنگ چاہتی تھی کہ پاکستان میں یورو 5 نہ آ سکے، یورو5 پٹرول پاکستان آنے سے دوسری آئل کمپنیوں پر دبا ئوبڑھے گا، آئل کمپنیوں کو اپنی پروڈکشن کوالٹی بہتربنانی پڑے گی۔معاون خصوصی ماحولیات نے مزید کہا کہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں پہلے یہ پٹرول سپلائی کیا جائے گا۔