اسلام آباد (آن لائن) مولانا فضل الرحمن کے شکوے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان حرکت میں آگیا،غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو نوٹس جاری، الیکشن کمیشن کی جانب سے وضاحت بھی مانگی گئی ہے کہ پی ٹی آئی بتائے کہ اس کا غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے قائم سکروٹنی کمیٹی کا بائیکاٹ مستقل ہے یا صرف 23 اکتوبر کے لیے تھا۔معلومات کے مطابق تحریک انصاف کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی میں شرکت کرے گی تو کمیٹی کو آگاہ کرے، سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس
12 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اگر بائیکاٹ مستقل ہے تو کمیٹی اپنی کارروائی جاری رکھے اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرے۔گزشتہ رات دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہمیں انتخابات میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا کہا جاتا ہے،اس الیکشن کمیشن کے ٹربیونل میں تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کا کیس کتنے عرصے سے التوا کا شکار ہے اور پی ٹی آئی کا بانی رکن اکبر ایس بابر اس کیس کو لے کر رل رہا ہے۔