اسلام آباد(آن لائن) نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی) اوررقوم کی عالمی ترسیل کیلئے خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’’ ورلڈ ریمٹ‘‘کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے کیلئے محفوظ، تیز تر اور سستی ترین سہولت دستیاب ہوگی۔
دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں مقیم پاکستانی اس سہولت سے استفادہ کے تحت ملک بھر میں نیشنل بینک کی 1500 سے زائد برانچز اور ڈاک خانہ جات کے ذریعے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں اپنے ملک میں عزیز و اقارب اور اہل خانہ کو باآسانی رقوم بھیج سکیں گے۔منگل کو ’’آن لائن‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک آف پاکستان عارف عثمانی نے کہا کہ پاکستان آبادی سے متعلق دنیا کا چھٹا بڑاملک ہے اور دنیا کے 50سے زائد ممالک میں 76 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو باقاعدگی سے اپنے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کو ترسیلات زر بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سمندر پار مقیم پاکستانی سالانہ 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات کرتے ہیں جو پاکستان کے زرمبادلہ کاایک بڑا اور اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ ریمٹ کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانی باآسانی اپنی رقوم محفوظ ترین، سستے اورکم تر وقت میں ترسیلات اپنے ملک میں بھیج سکیں گے جو ان کے وصول کنندہ این بی پی کی 1500 سے زائد برانچز اور مخصوص ڈاک خانہ جات سے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں وصول کر سکیں گے۔