بغداد(این این آئی)عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے مصلوب سابق صدر صدام حسین کی تعریف کرنے اور ان کے حق میں قصیدہ گوئی کو جرم قراردینے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی جوڈیشل کونسل کی جانب سے ایک وضاحتی بیان سامنے آیا۔
جس میں کہا گیا کہ کونسل نے مصلوب صدر صدام حسین کی تعریف کرنے پر کسی شخص کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا اورنہ ایسی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔خیال رہے کہ حال ہی میں عراق کے سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ذی قار گورنری کے سیکیورٹی حکام نے ایک عوامی شاعر صلاح الحرباوی کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر اپنی شاعری میں صدام حسین کی تعریف کرنے اور ان کی قصیدہ گوئی کا الزام عاید کیا گیا ۔شہریوں نے الحرباوی کی گرفتاری کی خبر پر سخت غم وغصے کا اظہار کیا جس کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے واضح کیا کہ صدام حسین کی تعریف کرنے کو جرم قرار دیا گیا اور نہ ہی ایسا کرنے پر کوئی سزا مقرر کیا ہے۔جوڈیشل کونسل کا کہنا تھاکہ کونسل صدام حسین کی تعریف کوجرم قرار دینے کی مجاز نہیں تاہم یہ کام پارلیمنٹ کا ہے۔ اگر پارلیمنٹ اس حوالے سے کوئی قانون سازی کرتی ہے توجوڈیشل کونسل اس پرعمل درآمد کی پابند ہوگی۔عراقی شہریوں کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے صدام حسین کی البعث پارٹی پر پابندی عاید کر رکھی ہے اور ان کی جماعت کی حمایت کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔