ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)فٹبال ورلڈ کپ 2018ء میں گروپ ’ڈی‘ کے اہم ترین میچ میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نائیجیریا کو دو۔ایک سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، کروئشیا پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ بناچکی ہے۔اسٹار فٹبالرلیونل میسی نے پہلے ہاف کے 14ویں منٹ میں شاندار گول کرکے ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری دلائی، رواں ورلڈکپ میں میسی کا یہ پہلا گول ہے ٗنائیجیریا کے کھلاڑیوں نے برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی گول نہ کرسکی۔
اور پہلے ہاف کا اختتام پر ارجنٹینا کی برتری کے ساتھ ہوا ٗکھیل کے 51 ویں منٹ میں نائیجیریا کو پنالٹی کک ملی اور مڈفیلڈر وکٹر موسس نے کوئی غلطی کیے بغیر گیند حریف ٹیم کے گول میں پھینک کر میچ ایک، ایک سے برابر کردیا۔اگلے مرحلے میں جانے کیلئے ارجنٹینا کو ہر صورت یہ میچ جتنا تھا،اس لئے ٹیم کے ہر پلیئر نے بھرپور جان ماری اور 86ویں منٹ میں مارکوس روجونے شاندار گول کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی پہنچادیا۔