لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے عدلیہ مخالف بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست پر نواز شریف ،مریم نواز سمیت وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کر دیئے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں سابق وزیر اعظم، ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات کی نشاندہی
کی گئی۔درخواست میں نواز شریف ،مریم نواز،دانیال عزیز، خرم دستگیر،طلال چوہدری کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ نااہلی کے فیصلے بعد نواز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں۔یہ تقاریر اور بیانات توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔بیانات سے ملک میں انتشار پیدا ہو رہا۔استدعا ہے نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔