لاہور( این این آئی)فیروز روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کیساتھ ہی آگ کا بہت بڑا گولہ آسمان کی طرف بلند ہوا اور اس کے بعد ہر طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے ۔سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ ہوتے ہی آگ کا بہت بڑا گولہ آسمان کی طرف بلند ہوا اور آگ لگ گئی ۔ اس دوران ہر طرف دھوئیں کے بال بھی چھا گئے ۔
عینی شاہدین کے مطابق فضاء میں عجیب سی بدبو بھی پھیل گئی جسے برداشت کرنا مشکل ہو رہا تھا۔پولیس سمیت دیگر حساس اداروں نے دھماکے کی جگہ کو سیل کرنے کے بعد شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ ذرائع نے تفتیشی اداروں کے حوالے سے بتایا کہ فیروز پور روڈ پر دھماکے کی جگہ پر مختلف ماہرین پر مشتمل تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کئے اور دھماکے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جاری ہیں۔فرانزک ماہرین نے تباہ ہونے والی گاڑی اور موٹر سائیکلوں اورجائے وقوعہ کے اطراف سے بھی شواہد اکٹھے کئے ۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے بتایا ہے کہ لاہور میں فیروز پورروڈ دھماکے میں9جاں بحق افراد اور 30زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال میں لایا گیا اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر کے علاوہ تمام شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز موقع پر موجود رہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد بہم پہنچائی گئی پرنسپل پی جی ایم آئی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر زخمیوں کی جانیں بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ان کے علاج معالجے پر کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں لواحقین فون نمبر 042-99264117 پر معلومات حاصل کر سکتے ہیں ہسپتال کا عملہ ان سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعاء کی ہے ۔