کراچی (این این آئی)پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اندرون ملک تیار کردہ کاروں کی فروخت میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب کہ جولائی تا مارچ1,39,570 یونٹس فروخت ہوئے۔ملک میں تیار کی جانے والی کاروں کی فروخت میں 1.7 فیصد کے اضافہ سے رواں مالی سال 2016-17میں جولائی تا مارچ کے دوران ایک لاکھ 39 ہزار 570 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان آٹو موٹیو
مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما)کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب روزگار اسکیم کے خاتمہ کے باعث سوزوکی بولان کی فروخت میں 41 فیصد کی کمی سے 15 ہزار یونٹس فروخت کئے گئے تاہم جاری مالی سال میں ہنڈا سٹی اور سوک کی فروخت میں 52 فیصد اور سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں دو گنا اضافہ سے اندرون ملک تیار کی جانے والی کاروں کی مجموعی فروخت کا حجم بڑھ گیا۔جولائی تا مارچ کے دوران ہنڈا سٹی اور سوک کی فروخت 28 ہزار 120 یونٹ جبکہ سوزوکی ویگن آر کی فروخت 12 ہزار 595 یونٹس تک بڑھ گئی۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز کے تجزیہ کار ہاشم سہیل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال میں ہلکی کمرشل گاڑیوں اور جیپوں کی فروخت میں ڈبل ڈیجٹ اضافہ ہوا ہے۔توقع ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ان کی فروخت کا حجم 2 لاکھ 70 ہزار یونٹس تک بڑھ جائے گاٹاپ لائن سیکورٹیز کے تجزیہ کار ہاشم سہیل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال میں ہلکی کمرشل گاڑیوں اور جیپوں کی فروخت میں ڈبل ڈیجٹ اضافہ ہوا ہے۔توقع ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ان کی فروخت کا حجم 2 لاکھ 70 ہزار یونٹس تک بڑھ جائے گا جس میں 60 ہزار کے قریب درآمد کی جانے والی گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔پاما کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں ٹریکٹروں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے آٹو موبائلز کی صنعت کی کارکردگی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔