کراچی (نیوز ڈیسک)معروف اداکار ایوب کھوسو نے کہا ہے کہ اگر پاکستان فلم انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار فنکار تھے تو اب فنکار ہی فلم انڈسٹری کو نئی زندگی دینے میں مصروف ہیں۔ اب باتیں نہیں بلکہ عملی کام کرنے کا وقت ہے۔ میں بھی کئی فلموں میں مصروف ہونے کی بنا پر ٹی وی ڈراموں سے دور ہوتا جارہا ہوں۔ یہ خوش آئند امر ہے کہ ایک بار پھر پاکستان فلم انڈسٹری سے خائف لوگ واپس انڈسٹری کا رخ کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈرامہ انڈسٹری کبھی زوال کا شکار نہیں ہوئی اور نہ ہی ناظرین پاکستانی ڈرامہ سے دور ہوئے۔ اپنے کلچر سے ہٹ کر عوام پر دوسرے کلچر کو زبر دستی مسلط کرنے کی کوشش بھی ناکام رہی، آج لوگ پاکستانی ڈراموں ا و رفلموں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فلم انڈسٹری اب پھل پھول رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب تک ہم یکسانیت پر مبنی فلمیں بنانے کی پالیسی تبدیل نہیں کریں گے کامیابی نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری خوف کی فضا اور حالات کی خرابی کے تاثر کو دور کرنے میں شوبز انڈسٹری اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ فلم و ڈرامہ نے لوگوں کو ٹینشن زدہ ماحول سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔