اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو امریکہ کے ویزا کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کا سخت نوٹس لیا ہے جس کے نتیجے میں انکی اقوام متحدہ کے تحت نیو یارک میں انٹر پارلیمانی تقریب میں شرکت ناممکن ہو گئی۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور سینٹر صلاح الدین ترمذی پر
مشتمل سینٹ کے وفد نے 13، 14 فروری کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹرز نیو یارک میں انٹر پارلیمانی مباحثے میں شرکت کرنا تھی۔چیرمین سینٹ کی ہدایت پر مذکورہ وفد کا یہ دورہ کینسل کر دیا گیا ہے- چیرمین سینٹ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی چیئرمین کو ویزے کے اجرا سے متعلق امریکی حکومت کی وضاحت تک سینٹ کا کوئی وفد امریکی دورے پر نہیں جائیگا اور نہ ہی سینٹ، سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی یا سینٹر کی جانب سے سرکاری طور پر کسی امریکی وفد، رکن کانگریس یا سفارتکار کا خیر مقدم کیا جائے گا۔