لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ آپریشن ضرب عضب ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا،موثراقدامات کے نتیجے میں ملک میں دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پا لیاگیا ہے،تحریک انصاف نے خیرات اورچندے کی رقم سے مختلف ملکوں میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
انٹر ویو کے دوران ایک سوال پر وزیردفاع نے کہاکہ پاکستان نے سعودی عرب سے عہد کررکھا ہے کہ وہ کسی بھی خطرے کی صورت میں حرمین شریفین کا تحفظ کرے گا۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے خیرات اورچندے کی رقم سے مسقط اور فرانس سمیت مختلف ملکوں میں کاروباری سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔عمران خان کے خلاف خیراتی رقم میں بدعنوانی اور پارلیمنٹ اور پاکستان ٹیلی ویژن پرحملے کے واقعات پرعدالت میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پارلیمنٹ میں لڑائی جھگڑے کا حالیہ واقعہ تحریک انصاف کامنظم منصوبہ تھا اور پی ٹی آئی کے رکن شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے خلاف اشتعال انگیز نعرہ بازی کی۔انہوںنے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا،موثراقدامات کے نتیجے میں ملک میں دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پا لیاگیا ہے۔