اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات کے ماہرین نے موسم کی تبدیلیوں اور پل پل کے حالات سے شہریوں کو باخبر رکھنے کیلئے پہلا پاکستانی آٹو میٹک ویدر سٹیشن (Weather Station) تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ماہرین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ویدر سٹیشن میں میٹرولوجیکل سنٹر، تھرمو میٹر،
ہائیڈرو میٹر اور بیرو میٹر کا استعمال کیا ہےجس سے ویدر سٹیشن کی کارکردگی سو فیصد ہوگی۔ اس ویدر سٹیشن سے ہوا کا دبائو، نمی اور حد نگاہ جیسی معلومات بر وقت مل سکیں گی۔ بیرون ملک میں 20 لاکھ روپے مالیت کا یہ آٹو میٹک ویدر سٹیشن پاکستانی ماہرین نے صرف 5 لاکھ روپے میں تیار کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔ نیا تیار کردہ آٹو میٹک ویدر سٹیشن لاہور اور اسلام آباد میں نصب کر دیا گیا ہے جب کہ مزید شہروں میں اس پر کام جاری ہے۔ اس جدید آٹو میٹک ویدر سٹیشن سے دریائوں میں پانی کی روانی اور سیلاب سے متعلق معلومات پیشگی دریافت ہو سکیں گی۔