اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب حکومت نے بھارت کے لئے حج کوٹہ میں ساڑھے 35ہزار کا اضافہ کر دیا۔ سابق وزیراعلیٰ اور صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارت کے حج کوٹا میں اضافہ کرنے پر سعودی حکومت کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر محمد بن صالح طاہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کوٹا میں 35500عازمین کے اضافہ ایک خوش آئندہ اقدام ہے۔
گزشتہ روز ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اضافی کوٹہ سے ہندوستان خصوصاً ریاست جموں وکشمیر کے
مسلمانوں کو انتہائی مسرت اور شادمانی ہوئی ہے ،جو گذشتہ کئی برسوں سے حج کیلئے فارم بھرتے تھے لیکن قرعہ اندازی میں ان کے نام نہیں نکل پاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے کوٹا میں اضافے سے رواں سال انشاء اللہ ایسے تمام خواہشمند عازمین حج کا فریضہ ادا کرسکیں گے جو کئی برسوں سے کوٹا میں کمی کی وجہ سے یہ فریضہ انجام دینے سے محروم رہے۔واضح رہے کہ پاکستان بھی کئی بار سعودی عرب سے حج کوٹا بڑھانے کی اپیل کر چکا ہے تاہم ابھی تک شنوائی نہیں ہو سکی ۔