لاہور ( این این آئی) سردی میں اضافے سے گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو 3 روز کے لئے گیس کی سپلائی بند کردی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا نیا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو تین دن تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی، 14 جنوری کی شام کو لاہور کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو آر ایل این جی فراہم کی جائے گی۔
محکمہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کو بند کرنے کا فیصلہ گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کے لئے کیا گیا۔دوسری جانب گیس کی قلت اور پریشر میں کمی سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بیشتر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں بھی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور گھریلو صارفین کو صبح اورش شام کے وقت گیس تقریبا نہ ہونے کے برابر ہے۔