ملتان(آئی این پی)تحریک انصاف کے وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کے الزامات کوعمران خان نے ردکیا ہے۔جاوید ہاشمی نے سپریم کورٹ کے سابقہ چیف جسٹس اور پاک فوج کے سابقہ جنرلز پر بڑے الزامات لگائے ہیں،انکوائری ہونی چاہیے۔حقیقت قوم کے سامنے آنی چاہیے۔
پاناما لیکس پر ہم 4جنوری سے عدالت میں بھی ٹھوس دلائل سے اپنا کیس پیش کریں گے اور 7جنوری سے عوام کی کچہری میں بھی اپنا مقدمہ پیش کریں گے۔پیپلزپارٹی نے ایوان میں جانے کا فیصلہ کیا،میدان میں نہیں۔پیپلزپارٹی کو اپنے فیصلے کا حق ہے۔ملتان میں کارنرمیٹنگز،تقاریب سے خطاب اور نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کے الزامات پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔پانامالیکس پرقانون اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔کچھ لوگ کہتے تھے کہ پاناما کا کھیل چنددنوں کا ہے پھرسب بھول جائیں گے ،ہم عوام کی کچہری میں جائیں گے اورعوام کے سامنے بھی مقدمہ رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ رہے تھے اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی کارگردگی مایوس کن رہی ہے۔ضمنی انتخابات میں بھی ہم نے دیکھا کہ الیکشن کمیشن اپنی ساکھ اور اپنا اعتماد بحال نہیں کرپارہا۔اگر 2013کی طرح کے انتخابات ہوئے توقوم تسلیم نہیں کرے گی۔اگرشفاف الیکشن نہ کروائے تو لوگ سڑکوں پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلاول کے ۴ مطالبات سے اتفاق کیا ۔پیپلزپارٹی نے ایوان میں جانے کا فیصلہ کیا،میدان میں نہیں۔پیپلزپارٹی کو اپنے فیصلے کا حق ہے۔