اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے ایف 9- پارک میں نوادراتِ رسول ؐ کی دو روزہ زیارت کا افتتاح کیا۔ تقریب کا اہتمام نظریہ پاکستان کونسل ایوانِ قائد نے کیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں نظریہ پاکستان کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی اور ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہد ملک نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شہریوں کے علاوہ سکولز اور کالجز کے طلباء طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے حضور اکرم ؐ کے ان بابرکت نوادرات کی زیارت کی۔
نوادرات کی زیارت کے لیے دو دن مختص کیے گئے ہیں جن میں شہری صُبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک ان پاک نوادرات کی زیارت کر سکتے ہیں ۔ ان پاک نوادرات میں رسالت مآب ؐ کے نعلین مبارک، حضرت امام حسین علیہ اسلام کے نعلین مبارک کے علاوہ رسالت مآب کے عصا مبارک پر لگے ہوئے چمڑے کے پھول کے علاوہ معرکہ کربلا میں استعمال ہونے والے تیر اور دیگر بہت سارے نوادرات رکھے گئے ہیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ان نوادرات کا افتتاح کیا اور نہایت اہتمام سے رکھے ہوئے ان نوادرات کی زیارت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے نظریہ پاکستان کی طرف سے اس طرح کی بابرکت اور ایمان پر ور تقریب کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول حضور کی ولادت کا مبارک مہینہ ہے اور اس مبارک مہینے میں اس طرح کی روح پرور اور ایمان افروز تقریب ہم سب کے لیے باعث ثواب ہے اور پیارے نبی ؐ کی یہ نوادرات دیکھ کر ہر مسلمان کا ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔
میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے نوادرات کا افتتاح کرنے کے بعد حضور اکرم ؐ اور حضرت امام حسین علیہ اسلام کے نعلین مبارک اور کربلا کے معرکہ میں استعمال ہونے والے تیروں کے علاوہ قرآن پاک کے نایاب اور نادر نسخے اور جنگ میں استعمال ہونے والی تلوار اور انبیاء کرام کے شجرہ نسب دیکھا اور منتظمین کو میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔