لاہور(آئی این پی)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت مفلوج ہو چکی ہے ‘ حکومت کو صرف پانامہ کی فکر لگی ہوئی ہے ‘وزراء اسمبلی میں نہیں آتے ‘ عدالت میں ضرور آتے ہیں ‘ امرتسر میں مشیر خارجہ کی تذلیل کی گئی ‘ قطری شخص کے خط کی اہمیت کیا تھی سپریم کورٹ میں واضح ہو گیا ‘ نعیم بخاری نے حکومتی دستاویزات سے جھوٹ ثابت کر دیا ۔ وہ ہفتہ کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ پانامہ لیکس پر دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو چکا ہے۔ کاغذات کی پڑتال کر چکے ہیں اگر یہی بنچ رکھا جائے تو بہتر ہے۔ حکومت مفلوج ہو چکی ہے کوئی سرکاری ادارہ فعال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں سرکاری وزراء نے 14 مرتبہ اپنا موقف پیش کیا۔ طیارہ حادثے کے بعد کئی گھنٹے کوئی وزیر ٹی وی پر دکھائی نہیں دیا کوئی وزیر ایسا نہیں تھا جو لواحقین کو تسلی دیتا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے پوچھا جو جائیدادیں بنیں اس کا کوئی منی ٹریل تو ہو گا ۔ نعیم بخاری نے حکومتی دستاویز سے جھوٹ ثات کر دیا۔ قطری شخص کے خط کی اہمیت کیا تھی سپریم کورٹ میں واضح ہو گیا۔ اعتزاز احسن نے بھی پانامہ کو سب سے بڑا سکینڈل قرار دیا۔ پیپلز پارٹی نے مطالبات کیلئے قائم کمیٹی کا سربراہ گیلانی کو بنایا۔ گیلانی پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ پیپلز پارٹی کو سوچنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو کیا پنڈورا باکس کھولتی ہے دیکھنا ہو گا۔ ۔۔۔(رانا)