نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک فوج نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کیساتھ سرحد پر رینجرز کی جگہ پر فوجی اہلکاروں کو تعینات کرناشروع کردیا ہے اور تعدادمیں اضافہ کیا جارہاہے۔بھارتی اخبار ’’ٹائمزآف انڈیا ‘‘نے دعویٰ کیاہے کہ جموں میں پاک بھارت سرحد پر پاکستان رینجرز کی جگہ جموں ، راجھستان ، گجرات اور بنگال کے سرحدی علاقوں میں پاک فوج کے اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں ۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاگیاکہ رینجرز کی چیک پوسٹوں پر ہتھیاروں کی بھی تنصیب کردی گئی اور بی ایس ایف کا سامنا کرنے کے لیے باقاعدہ دستے تعینات کردیئے گئے۔سینئر حکام کے حوالے سے کہاگیاکہ یہ کہنا مشکل ہے کہ پاکستان آرمی نے سرحد پر رینجرز پوسٹوں کا کنٹرول سنبھال لیا تاہم وہاں نقل وحمل بڑھ گئی، کئی گاڑیاں مسلسل فوجی اہلکار اور ہتھیار لارہی ہیں اور یہ عمل گزشتہ آٹھ نو دن سے جاری ہے ، ایسی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں کہ دراصل پاکستان آرمی کیا کررہی ہے لیکن بظاہر لگتاہے کہ سرحد پر فوجی موجودگی بڑھاناچاہتے ہیں ۔