تفصیلات کے مطابق جنرل (ریٹائرڈ) غلام قادربلوچ نے کہاہے کہ سانحہ کوئٹہ کی بنیاد پر بلوچستان میں گورنر راج کی حمایت نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی ماضی میں پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کی حکومت ختم کر کے گورنر راج کے حامی تھے۔
جنرل ریٹائرڈ غلام قادر بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ماضی میں بھی سانحہ بلوچستان کی بنیاد پر گورنر راج لگایا گیا تھا ۔ مگر میں نے تب بھی اس کی حمایت نہیں کی تھی اور اب بھی اس کی حمایت نہیں کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت جنرل پرویز مشرف اور جنرل راحیل شریف کراچی اور کوئٹہ میں میرے ساتھ رہے ہیں میں ان دونوں کو بخوبی جانتا ہوں اور اسی بنیاد پر کہتا ہوں کہ جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک بہت پروفیشنل آدمی ہیں اور اچھے فوجی ہیں۔ وہ نہ تو توسیع کے حق میں ہیں اور نہ ہی توسیع لیں گے۔ غلام قادر بلوچ نے کہا کہ میں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ سنیارٹی کی بنیاد پر اگلے آرمی چیف کا انتخاب کیا جائے اور حکومت اور فوج کے مابین کسی بھی قسم کا تناؤ پیدا نہ ہونے دیا جائے ۔
ان کے ہمراہ صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم٬ سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں اور دیگر صحافی بھی تھے۔ انہوں نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردی کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ناقص سیکورٹی کے باعث پیش آیا۔ سانحہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ اس واقعہ کے ذمہ دار نہیں۔ پولیس افسران کی ناقص کارکردگی اور سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔