اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آبادلاک ڈائون ناکام بنانے کےلئے پولیس کی پھرتیاں، سامنے آگئی، کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا آغاز کردیا گیاہے، سندھ اور پنجاب سے لاجسٹک سپورٹ طلب کرلی گئی، بنی گالہ کے راستے بند کئے جانے لگے، اہلکاروں کی تربیت کیلئے ایف نائن پارک کا کرکٹ گراؤنڈ بھی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا۔اسلام آباد پر تحریک انصاف کی یلغار روکنے کیلئے پولیس بھی سر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہے، راولپنڈی میں ٹرکوں اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی، چابیاں، کاغذات قبضے میں لئے جانے پر شدید پریشان ڈرائیورز اور مالکان نے سخت احتجاج کیا۔جبکہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کے راستے بھی کنٹینر رکھ کر بند کرنا شروع کردیئے گئے جبکہ ملک بھر سے طلب پولیس اہلکاروں کو مظاہرین سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دینے کیلئے ایف نائن پارک کا کرکٹ گراؤنڈ بھی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا۔ دو نومبر کیلئے اسلام آباد پولیس نے سندھ اور پنجاب سے لاجسٹک سپورٹ بھی مانگ لی، وزارت داخلہ کو بھیجے گئے خط میں دونوں صوبوں سے قیدیوں کی 40 وینز اور 18 بکتر بند گاڑیاں دینے کا مطالبہ کردیا گیا۔جبکہ پنجاب پولیس سے 25ہزارپولیس اہلکاربھی مانگے گئے ہیں ۔