کراچی(آئی این پی)لاک ڈاؤن اسلام آباد کی سرگرمیاں کراچی میں بھی شروع ہوگئیں تحریک انصاف نے ریلوے حکام سے 2 خصوصی ٹرینیں مانگ لیں ساتھ ہی 30 اکتوبر کو کراچی میں تلاشی دو یا استعفیٰ دو ریلی نکالنے کے لیئے بھی شہری انتظامیہ سے اجازت مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے خرم شیر زمان کی سربراہی میں ریلوے حکام سے ملاقات کرکیاسلام اباد کے لیئے 2 خصوصی ٹرینوں کی فراہمی کے لئے درخواست دے دی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جو چاہے کرلیں تحریک انصاف کے کارکنان ضرور اسلام آباد پہنچیں گے۔تحریک انصاف کے وفد نے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سے ملاقات کی اور 30 اکتوبر کو شہر میں ریلی نکالنے کی اجازت کے لئے درخواست جمع کرادی۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر کو کراچی میں تلاشی دو یا استعفی دو ریلی دوپہر تین بجے انصاف ہاؤس سے مزار قائد تک نکالی جائے گی۔