لاہور (این این آئی ) حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ،کیٹگریز میں تقسیم کر دیا گیا جس کے تحت نظر بند ی اور گرفتاریوں کا فیصلہ کیا جائے گا ،دھرنے سے ایک دن قبل عمران خان اور ٹکٹ ہولڈرز کو نظر بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر کارکنوں کو بھی گرفتار کیا سکتا ہے ، متحرک کارکنوں کو پو لیس کے ذریعے بھی ہراساں کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت ایک خفیہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے دھرنے سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ۔اجلاس دوپہر ڈھائی بجے سے شام تک جا ری رہا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری اور آئی جی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پو لیس ، آئی بی اور سپیشل برانچ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ طے کر دہ حکمت عملی کے مطابق پی ٹی آئی کے متحرک کارکنوں کو پو لیس کے ذریعے ہراساں کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو 3کیٹگریز میں تقسیم کیا گیاہے ،اے کیٹگری میں مرکزی قیادت اور اراکین اسمبلی شامل ہیں ، بی کیٹگری میں ڈویژنل صدور ، ضلعی صدوراو رٹکٹ ہولڈرز جبکہ سی کیٹگری میں یو نین کو نسل کے چیئرمین ، کونسلرز، سرگر م کارکن اور فنانسرز شامل ہیں۔دھرنے سے ایک روز قبل عمران خان اور ٹکٹ ہولڈرز کو نظربندکرنے کی تجویز دی گئی ہے ، ضرورت پڑنے پر کیٹگری بی کے مطابق کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ خیبر پختوانخواہ سے راولپنڈی آنے والے راستے اور اٹک پل بند کرنے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ دھرنے کیلئے کسی کو بھی جڑواں شہروں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔