کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے نیو کراچی شفیق موڑ کے قریب گاڑیوں کی نمبر پلیٹ بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری کی چھت گر گئی۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی شفیق موڑ کے قریب گاڑیوں کی نمبر پلیٹ بنانے والی فیکٹری میں اچانک بوائلر پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دو شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رفیق اور سلمان شامل ہیں۔فائر بریگیڈ افسر عارف منصوری نے بتایا دھماکا اتنا شدید تھا کہ فیکٹری کی چھت گر گئی، فیکٹری میں آگ بھی لگی جسے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا۔پولیس نے متاثرہ فیکٹری کو بند کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔ دھماکا اس جگہ ہوا جہاں رنگ کا سامان رکھا گیا تھا۔