لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ مدارس کے نصاب میں تبدیلی نہیں بلکہ ایسے مضامین شامل کئے جارہے ہیں جن سے معاشرے میں ہم آہنگیکو فروغ دیا جاسکے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے متحد ہوگئی۔ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عسکری اور سیاسی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ جس طرح دہشت گردی نے ایک دم پاکستان میں اپنے پنجے نہیں گاڑھے اسی طرح اس کا خاتمہ بھی راتوں رات ممکن نہیں لیکن وہ دن ضرور آئے گا جب پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے وال چاکنگ اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے قانون میں تبدیلی کی ہے، اس کے تحت سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ماضی میں اچھے اور برے دہشت گرد کی تمیز اب ختم ہو چکی ہے۔ پنجاب حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ مدارس کے نصاب میں تبدیلی نہیں بلکہ ایسے مضامین شامل کئے جارہے ہیں جن سے برداشت کو فروغ دیا جاسکے۔