اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی، نوشکی، خاران اور مکران کے ملحقہ علاقوں میں بکرے کی دستی کا اوپری حصہ دیکھ کر مستقبل کی پیشگوئی کرنے کا رواج آج بھی زندہ ہے۔ ہڈی کا علم رکھنے والے افراد اسے دیکھ کر مستقبل کے جنگی، سیاسی، سماجی، معاشی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق حالات کی پیش گوئی کرتے ہیں۔ ہڈی کا علم رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ہڈی دیکھتے وقت متعلقہ شہر یا علاقے کے نقشے کو ذہن میں لا کر پوری توجہ اسی جانب مرکوز کرتے ہیں تو انہیں ہڈی پر مخصوص نشانات نظر آتے ہیں، جیسے بارش، قحط، امن، جنگ یا معاشی اور سیاسی تبدیلی کے مطابق نقش یا نشان بنا ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ اسی کے تحت مستقبل قریب یا بعید کی پیش گوئی کرتے ہیں۔ ایک ماہر امیر بخش کا کہنا ہے کہ نشانی اس طرح ہوتی ہے کہ جہاں دھماکا ہوتا ہے اس میں گرد اڑنے والا نشان ظاہر ہوتا دکھائی دیتا ہے جہاں بارش ہوتی ہے وہاں نشان پانی کی طرح نظر آتا ہے۔