ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے صوبے ریاض کے گورنر نے بدھ کے روز مملکت کے پہلے اور سب سے بڑے “برف کے شہر” کا افتتاح کر دیا۔ ریاض شہر کے علاقے الربوہ میں العثیم مول میں بنائے گئے اس شہر کا رقبہ 5000 مربع میٹر ہے اور اس پر مجموعی طور پر 10 کروڑ ریال کے قریب لاگت آئی ہے۔ برف کے اس شہر میں فی گھنٹہ 350 افراد کی گنجائش ہے۔ اس میں 12 مختلف نوعیت کی تفریحی سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان میں مْعلّق پْل ، آئس اسکیٹنگ ، سیڑھیوں اور رسیوں کے راستے ، چڑھنے کی دیواریں ، آئس بمپر کارز ، اسکائی زون اور مختلف لمبائی کی ڈھلوانیں شامل ہیں۔ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے باور کرایا ہے کہ مملکت میں جنرل اتھارٹی فار انٹرٹینمنٹ مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت داخلی سیاحت کو سپورٹ کرنے کی شدید خواہش رکھتی ہے اور تمام لوگ ملک اور اس کے باسیوں کی خدمت کے واسطے مصروف عمل ہیں۔برف کے اس شہر میں دلچسپ اور مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کو منفرد انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ موقع محل کی خوبصورتی اور نفیس ڈیزائننگ کا حسین امتزاج ہے۔ ساتھ ہی اعلی معیار کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں جن سے آنے والے خواتین و حضرات کو مکمل سکون و راحت کے ساتھ تفریح میسر آئے گی۔ منصوبے کا مقصد تمام لوگوں کو نئی جدت کے حامل کھیلوں کے ذریعے خوش گوار ماحول میں وقت گزارنے کا بہترین موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں برف کی شخصیات اور بطریقPenguine) ) کا بھی شان دار انداز سے پہلی مرتبہ استعمال کیا گیا ہے جو آنے والوں کے خیرمقدم کے حوالے سے بھرپور اور متحرک کردار ادا کرتے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں