اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایرانی ایئرلائن کی پرواز نے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ہنگامی طور پر واپسی کی، جب طیارے کے لینڈنگ گیئر کا ٹائر پھٹنے کے باعث جہاز میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مشہد سے کرمانشاہ جانے والی بوئنگ 737 پرواز میں پیش آیا۔ پرواز کے دوران مرکزی لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر پھٹ کر الگ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹائر پھٹنے کے بعد طیارے میں زور دار جھٹکے محسوس ہوئے، جبکہ انجن سے متعلق تکنیکی خرابی کے مسائل بھی سامنے آئے۔ اچانک پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث جہاز میں موجود مسافروں میں خوف پھیل گیا۔واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں طیارے کو پرواز کے دوران جھٹکے لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعض مسافروں کی چیخ و پکار بھی سنائی دیتی ہے۔
صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد طیارے کے عملے نے مشہد ایئرپورٹ واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ پائلٹس نے جہاز کو بحفاظت واپس اتار لیا اور تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے طیارے سے باہر نکال لیا گیا۔
View this post on Instagram



















































