اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پشاور کے بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس این جی پی ایل کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق گیس پائپ لائن پر ضروری کام کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی متاثر ہوگی۔
نوٹس کے مطابق باڑہ روڈ، رنگ روڈ اور ان سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
سوئی ناردرن کے مطابق گیس کی بندش کا آغاز جمعرات 24 اگست کو رات 8 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جبکہ سپلائی جمعہ 25 اگست کی صبح 5 بج کر 30 منٹ تک بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی نے متاثرہ علاقوں کے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس کی بندش کے پیش نظر پہلے سے ضروری انتظامات مکمل کرلیں اور مقررہ دورانیے کے دوران متبادل ذرائع کا استعمال کریں۔
ایس این جی پی ایل کا کہنا ہے کہ پائپ لائن پر کام مکمل ہوتے ہی متعلقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔



















































