اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں مسلسل دو روز اضافے کے بعد اب پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ جائزے کے تحت مسلسل تیسرے دن بھی نرخ بڑھنے کا امکان ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 4 روپے 30 پیسے جبکہ پٹرول کے نرخ میں 2 روپے 30 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے کیا جائے گا۔ اوگرا کی جانب سے جائزہ مکمل ہونے کے بعد پٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔حکام کے مطابق حکومت ٹیکسز میں ردوبدل کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافی اضافہ کرسکتی ہے۔
موجودہ صورتحال میں ممکنہ اضافہ 20 اگست، جمعرات کو صرف ایک دن کے لیے نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بھی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ مسلسل اضافوں کے باعث صارفین پر پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مزید بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔



















































