اسلام آباد (نیوزڈ یسک)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کے نئے نرخ مقرر کردیئے ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 19 اگست کے لیے قیمتوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 34 پیسے جبکہ ڈیزل کے نرخ میں 5 روپے 27 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ڈیزل 395 روپے 69 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 331 روپے 20 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
اسی طرح گزشتہ روز ڈیزل کے نرخ میں بھی 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا اور نئی قیمت 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔مسلسل دو روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد صارفین پر ایندھن کے اخراجات کا بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔



















































